پشاور۔ 07 مئی (اے پی پی):بھارتی جارحیت کیخلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،اس دوران بھارتی افواج کے بزدلانہ حملے کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پوری قوم سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑی ہے،افواجِ پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔مظاہرے میں شریک شہریوں نے ہاتھوں میں بھارتی حکومت کے خلاف اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعروں سے مزین بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔دریں اثنا بھارتی جارحیت کے خلاف وکلا بھی میدان میں آ گئے۔پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاج کیا گیا
جس میں وکلاء برادری نے بھرپور شرکت کی۔شرکاء نے احتجاج کرتے ہوئے بھارت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی اور کہا کہ بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملے قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے۔شرکاء احتجاج کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ دیا، انڈیا پاکستان کو کمزور نہ سمجھے، پاکستان پرامن ملک ہے تاہم اپنے دفاع کے لئے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔احتجاج کرتے وکلاء کا کہنا تھا کہ اس نازک صورتحال میں پاکستانی قوم متحد ہے، ملکی دفاع کے لئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، بھارت کا جنگی جنون خطے کا امن تباہ کر رہا ہے۔