پشاور۔ 08 مئی (اے پی پی):بھارت کی جارحیت کے خلاف علمائے کرام کی زیر سرپرستی انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجئس افیئرز نے پشاور پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی ریلی نکالی، جس میں پشاور بھر کے علمائے کرام، سول سوسائٹی، صحافی برادری اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ریلی شرکاء کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے رات کی تاریکی میں بمباری کی جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور سب سے بڑھ کر بھارتی افواج کی جانب سے معصوم اور نہتے عوام اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا جو انتہائی کم ظرفی اور بزدلی کی دلیل ہے۔
معصوم لوگوں کا قتل کسی بھی قانون کی رو سے ایک بھیانک جرم ہے، جس نے خطہ میں بھارت کے مکروہ عزائم اور غیرذمہ دارانہ رویے کا پردہ فاش کیا ہے۔تمام شرکا نے کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے، انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور کشمیریوں کے حق خود مختاری پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالنے کی بھرپور مذمت کی اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم پر باز پرس کرے اور اسے قرار واقعی سزا دے۔بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی ریلی کے بعد جاری اعلامیہ میں مظاہرین نے بھارت میں موجود مسلمان اقلیتوں کے خلاف بھارتی ریاست کی منظم نسل کشی کو پوری قوت کے ساتھ مسترد کیا اور سرحد پار مسلمانوں کے جان ومال کے تحفظ کا پرزور مطالبہ کیا۔
ظاہرین نے واضح کیا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، افواج پاکستان بالخصوص پاکستان ایئر فورس نے وطن کے دفاع اور حفاظت کے لیے بھارتی جارحیت کا جس طرح منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم اس پر مطمئن ہے اورشکریہ ادا کرتی ہے۔ریلی شرکاء نے پاکستانی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ رویے کا ازالہ نہ کیا اور پاکستان کے خلاف مزید جارحیت کی تو نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہو کر پاکستان کا دفاع کرے گی ،اعلامیہ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر چہ بھارت نے ہماری مساجد اور نہتے عوام کو نشانہ بنایا لیکن پاکستانی افواج اپنے دفاع میں اعلیٰ انسانی، اخلاقی اور قانونی اقدار پر گامزن رہ کر کسی مندر یا عبادتگاہ کو نہیں بلکہ صرف دشمن کی فوجی تنصیبات اور جنگی مشینری کو نشانہ بنا رہی ہیں اوراس برتر اخلاقی رو یہ پر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اور ہر محاذ پر ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔