بھارتی جارحیت کے پیش نظر ایمرجنسی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام فرضی امدادی مشقیں

108
rescue 1122

راولپنڈی۔9مئی (اے پی پی):وطن عزیز پاکستان کو درپیش ممکنہ خطرات اور حالیہ بھارتی جارحیت کے پیش نظر ایمرجنسی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی کے ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام بڑے پیمانے پر فرضی امدادی مشقوں (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی وِنگ اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز (CERTs) نے یہ مشقیں ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں کی متعدد اہم مساجد، مدارس، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر انجام دیں۔ ان مشقوں کے دوران رضاکاروں نے مختلف ہنگامی امدادی کارروائیوں، فائر فائٹنگ، ابتدائی طبی امداد، زخمیوں کی بحفاظت منتقلی، اور انخلا کی مشقوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ مشقوں کا مقصد عوام میں شعور پیدا کرنا اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کو حقیقی حالات میں ردعمل دینے کے لیے تیار کرنا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر کامران رشید کی سربراہی میں ان سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں انجام دیا گیا، جن میں مقامی رضاکاروں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ انجینئر کامران رشید نے کہا کہ یہ مشقیں نہ صرف کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بناتی ہیں بلکہ ان ٹیموں کی عملی تربیت اور فوری ردعمل کی صلاحیتوں کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اس طرح کی فرضی مشقیں مستقبل میں بھی تسلسل سے کی جاتی رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی کے وقت قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے اور بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔