لاہور۔8مئی (اے پی پی):لاہور پولیس کی کاوشوں سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے،جرائم کے خاتمے کیلئے صوبائی دارالحکومت میں سپیشلائزڈ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل ٹاون،کینٹ، سٹی اور سول لائنز ڈویژنزکی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
سی سی پی او لاہور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرائم کنٹرول کیلئے سی سی ڈی سے بھرپور تعاون کریں۔انہوںنے سپروائزری افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں سے بہترین کوآرڈینیشن رکھیں۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین، بچوں اورکمزور طبقات کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے تناظر میں قربانی کے جانوروں کی چوری کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر قائم ہونے والی مویشی منڈیوں میں اضافی فورس تعینات کی جائے اور نوسربازوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں سوشل کرائمز کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے پراتفاق کیا گیا۔انہوں نے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث مساج سنٹرز، گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاون کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ پر زیروٹالرنس پالیسی اپنائیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جوئے کی شکایت کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او ذمہ دار ہو گا۔انہوں نے سپروائزری افسران کو کی پرفارمنس انڈیکیٹرزپر فوکس کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے انوسٹی گیشن ونگ کو پینڈنگ مقدمات برق رفتاری سے نمٹانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فنانشل کرائم کے درخواست گزاروں کو فوری ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ افسران ماتحت عملے سے مضبوط کوآرڈینیشن قائم کریں اور ان کے محکمانہ امور سے متعلق مسائل کے حل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم کی دادرسی اور انصاف کی فوری فراہمی ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594584