سکھر۔ 07 مئی (اے پی پی):بھارت کے بزدلانہ حملے کے خلاف خیرپور میرس میں ریلی نکالی گئی اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا ۔ضلع انتظامیہ خیرپور، محکمہ صحت، ریونیو، نرسنگ کالجز، انجمن تاجران، اقلیتی برادری، وکلاء، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سینکڑوں کی تعداد میں شہداء چوک سے نیشنل بینک خیرپور سے پریس کلب تک ایک ریلی نکالی۔
ریلی کا مقصد پاکستان، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کی جانب سے کیے گئے بزدلانہ حملے کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین جندران نے کی۔ پریس کلب خیرپور پر اے ڈی سی اقبال حسین جندران نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے انتہائی بزلانہ حملہ کیا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور حفاظت کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،جس نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، ہم اس دشمن کو ایسا سبق سکھائیں گے جو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ابھینندن والا واقعہ یاد رکھنا چاہیے۔دیگر مقررین، جن میں خان محمد، عاشق حسین عباسی، نثار سومرو، ڈاکٹر شاہد خاصخیلی، گرمک دیوان، شاہزیب بھٹی، ظہیر انصاری اور طارق رند شامل تھے، نے بھی پاکستان اور افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کمزور نہیں، ہم ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں،پاکستان کے تمام شہری چاہے وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہوں ہم سب پاک فوج م پاک نیوی، پاک ائیر فورس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
دوسری جانب ضلعی پولیس خیرپور میرس کی جانب سے ایس ایس پی حسن سردار نیازی کی قیادت میں اظہار یکجہتی ریلی ہیڈ کوارٹر پولیس سے پریس کلب خیرپور تک نکالی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593971