بھارتی حکمران پر امن مظاہرین کو حملہ آور قراردےکر نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو جائز قراردینے کی کوشش کر رہے ہیں،یاسین ملک

149

سرینگر ۔ 23 اگست (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں پرامن مظاہرین کو حملہ آور قرار دینا دراصل نہتے اورعام شہریوں کے قتل عام کو جائز قراردینے کی ایک کوشش ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر خرانہ ارون جیٹلی کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس سے بھارتی حکمرانوں کی نوآبادیاتی سوچ ظاہر ہوتی ہے ۔ انہوںنے فتح کدل سرینگر میں بھارتی فورسز کی طرف سے براہ راست دل پر شیل مار کر ایک اور کشمیری نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جب ارون جیٹلی کشمیری مظاہرین کو حملہ آور قرار دیتے ہوئے انہیں گولیوں سے بھون ڈالنے کی وکالت کر رہے تھے تو کچھ ہی گھنٹوںمیں خون کی پیاسی فورسز نے ایک اور کشمیری کی جان لے کر ان کے احکامات کی تعمیل کردی۔یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی حکمران ایسے بیانات دے کر دراصل کشمیریوںکے قتل عام کو جائز قراردینے کی کوشش کر رہے ہیں۔