اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) فرانس میں مقیم پاکستانی برادری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کشمیری بھائیوں کیلئے اپنی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، پاکستانیوں نے اتوار کو عیدالاضحیٰ پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی،اس موقع پر انہوں نے کشمیریوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں کیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کی بھرپور حمایت کا عزم دہرایا،پاکستانی سفارتخانے میں عید کی مناسبت سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جہاں پاکستانی برادری، سفارت خانے کے عملے اور ان کے اہل خانہ نے نماز عید ادا کی۔ فرانس سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق نماز عید کے اجتماع میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر معین الحق نے اپنے پیغام میں کہاکہ بھارتی حکومت کی جانب سے متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کا فیصلہ غیر آئینی، غیر قانونی اور انتہا پسندی پر مبنی ہے جو عالمی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، دوطرفہ معاہدوں اور وعدوں کے بھی خلاف ہے جو بھارتی رہنمائوں نے خود کشمیری عوام سے کئے تھے۔ پاکستانی سفیر نے فرانس سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ ان مشکل حالات میں اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری اور بالخصوص فرانس کی حکومت پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔