بھارتی حکومت کے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور ہلاکتوں کے دعووں کا راز فاش

62

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):بھارتی حکومت کے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور ہلاکتوں کے دعووں کا راز فاش ہو گیا۔ گزشتہ چند روز سے بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹس نشر کی جارہی ہیں جن کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں مصروف ہیں،مودی حکومت کے دعوؤں کے مطابق بھارتی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں متعدد فوجی افسران اور دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں ،لائن آف کنٹرول کے گردونواح کے علاقوں میں مقیم رہائشیوں کی جانب سے حاصل کردہ وڈیوز سے بھارتی حکومت کے جھوٹے دعووں کی حقیقت منظر عام پر آگئی ۔

رہائشیوں کے مطابق لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف میں کسی قسم کی کوئی فائرنگ یا آپریشن نہیں ہو رہا اور مکمل خاموشی ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر بارڈر پر حالات اتنے ہی سنگین ہیں اور بھارتی فوجی بھی ہلاک ہورہے ہیں تو ایسی صورتحال میں مودی کس بات کا جشن مناتے پھر رہے ہیں ۔ ایک تجزیہ کار کے مطابق مودی سرکار انتخابات سے قبل سیاسی عزائم کے حصول کے لیے ایسے ہی بھونڈے حربے آزماتے رہے ہیں جن میں دہشتگردی کے جھوٹے الزامات پاکستان پر لگائے جاتے ہیں اور دہشتگردوں کے خاتمے کی داد مودی وصول کرتا ہے۔

ستیا پال ملک اور بھارت کے متعدد پارلیمانی لیڈرز پہلے ہی عوام کو خبردار کرچکے ہیں کہ انتخابات کے پیش نظر پلوامہ ڈرامہ جیسے کئی واقعات دوبارہ رونما ہونے والے ہیں ۔ علاقہ کے ایک رہائشی نے کہا ہے کہ ہم بھی یہاں امن سے گھاس کاٹ رہے ہیں اور دوسری جانب بھی مال مویشی آرام سے گھوم رہے ہیں، دور دور تک کوئی فائرنگ نہیں ہو رہی،الّٰلہ کا شکر ہے کہ کوئی دہشتگردی اور فائرنگ نہیں ہورہی اور یہ سب جھوٹی افواہیں ہیں۔