پیرس۔8اگست (اے پی پی):فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپک گیمز میں بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے اپنی نااہلی کے بعد ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔ 29 سالہ بھارتی ویمن ریسلرونیش پھوگاٹ کو پیرس اولمپکس میں خواتین کے 50 کلوگرام مقابلے میں فائنل کے لیے زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔
ونیش پھوگاٹ نے ایکس پر اپنا پیغام شیئر کرتے ہوئے پیرس اولمپکس کے فائنل میں پہنچ کر ڈس کوالیفائی ہونے پر اپنی قوم سے معذرت کی ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کُشتی جو میرے لئے ماں تھی، جیت گئی اور میں ہار گئی، مجھے معاف کردیں۔قوم کی خود سے وابستہ امیدیں ٹوٹنے پر انہوں نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے خواب اور میری ہمت سب ٹوٹ چکے ہیں، اب مجھ میں مزید طاقت نہیں ہے، الوداع کشتی 2001 سے 2024 تک کا سفر یہاں ختم ہوا۔
ونیش پھوگاٹ نے اپنے پیغام کے آخر میں مزید لکھا کہ میں آپ سب کی مقروض ہوں، مجھے معاف کریں۔واضح رہے کہ اس سے قبل ریسلر ونیش پھوگاٹ نے کھیلوں کی عالمی عدالت سے رابطہ کیا تھا۔ونیش پھوگاٹ کو بدھ کی صبح اوور ویٹ ہونے کی وجہ سے فائنل سے قبل ڈس کوالیفائی کردیا گیا تھا، بھارت کی سٹار ریسلر ونیش پھوگاٹ کو محض 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغے کے مقابلے کیلئے نااہل قرار دیا گیا، منگل کو ہونے والے مقابلوں سے قبل ونیش کا ویٹ حد کے اندر تھا۔
قوانین کے مطابق ڈس کوالیفائی ہونیوالے ایتھلیٹس پوزیشن میں آخری نمبر پر چلے جاتے ہیں۔ونیش پھوگاٹ نے دولت مشترکہ کھیلوں میں اپنے ملک کے لئے تین طلائی تمغے جیتے ہیں۔ونیش پھوگاٹ نے اپنی نااہلی کے خلاف ثالثی عدالت (سی اے ایس) میں اپیل کی ہے اور مشترکہ تمغہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔توقع ہے کہ ثالثی عدالت (سی اے ایس) پیرس میں جمعرات کو بعد میں کیس پر اپنے فیصلے کا اعلان کرےگی۔