بھارتی دھمکی کے بعد اقوام متحدہ کا قدرتی وسائل کی معاہدوں کے تحت تقسیم برقرار رکھنے پر زور

10

اقوام متحدہ۔24جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے قدرتی وسائل کی باہمی معاہدوں کے مطابق تقسیم پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سندھ طاس معاہدے کو کبھی بھی بحال نہ کرنے کی دھمکی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ قدرتی وسائل کو باہمی طور پر طے شدہ معاہدوں کے تحت شیئر کرنے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر داخلہ کی دھمکی سے متعلق سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایاکہ میں نے ان کا نہیں دیکھا لیکن ظاہر ہے یہ ضروری ہے کہ قدرتی وسائل کو باہمی طور پر تسلیم شدہ معاہدوں کی بنیاد پر شیئر کیا جائے۔ واضح رہے کہ ہفتہ کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت ایک نہر بنا کر پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو راجستھان لے جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں ہوگا۔ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 افراد کے قتل کے واقعہ کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کرتے ہوئے 1960 میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ پاکستان نے پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کی واضح طور پر تردید کی ۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے باوجود یہ معاہدہ غیر فعال ہے۔