بھارتی ریاست اڑیسہ میں 61 ہزار مرتبہ آسمانی بجلی گرنے کاریکارڈ

110

نئی دہلی۔5ستمبر (اے پی پی):بھارتی ریاست اڑیسہ میں مختلف مقامات پر2گھنٹوں کے دوران 61 ہزار مرتبہ آسمانی بجلی گرنے سے12 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ۔برطانوی اخبار کے مطابق اڑیسہ کی سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ہفتے کو دارالحکومت بھوبنیشور کے آس پاس کے علاقوں میں دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران مسلسل بجلی چمکتی رہی۔اتھارٹی کے مطابق شام 5بجے تک بادلوں میں 36ہزار597 بار بجلی چمکی جبکہ بادل سے زمین پر 25ہزار753 مرتبہ بجلی گری، جس سے 8 مویشی بھی بجلی کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔

اڑیسہ میں اتوار کو آسمانی بجلی گرنے کے 5ہزار300 سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات تک اڑیسہ میں شدید موسمی حالات کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔تحقیق میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ رواں صدی کے آخر تک سمندر کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے آسمانی بجلی گرنے کے ہلاکت خیز واقعات میں 50 فیصد اضافہ ہوگا،

رواں سال فروری میں جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 2015 میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی شائع کردہ ایک تحقیق کے مطابق درجہ حرارت میں ہر ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہونے پر آسمانی بجلی گرنے کی شرح میں 12 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے بجلی کڑکنے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے دامنی کے نام سے موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی ہے۔