بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے افضل گرو کا عدالتی قتل ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے،  وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان

76

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے افضل گرو کا عدالتی قتل ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے،افضل گورو کے عدالتی قتل پر پوری مقبوضہ وادی سراپا احتجاج ہے،بھارت کے تمام ریاستی ادارے آر ایس ایس کے ہندتوا نظریے کے ایجنٹس بن چکے ہیں۔

منگل کو اپنے بیان میں علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ماورائے عدالت قتل کی ایک المناک مثال بن چکا ہے،بھارتی حکومت جعلی مقابلوں میں ملوث اہل کاروں کو انعامات اور اعزازات سے نوازتی ہے،کشمیری نوجوان اطہر مشتاق کو بھارتی افواج نے دسمبر میں شہید کیا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بیٹے کی جسد خاکی کے مطالبے پر والد کے خلاف دہشت گردی کے کالے قوانین کے تحت مقدمہ درجہ کر لیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبریں ہیں،گمنام قبروں کی نشاندہی انسانی حقوق کے ادارے بھی کر چکے ہیں، کشمیریوں نے پچھلے ستر سال سے مثالی استقامت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔