بھارتی سکھ یاتریوں کے تمام جھتے ننکانہ صاحب پہنچ گئے، سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سکیورٹی حصار میں گوردوارہ جنم استھان پہنچایا گیا

104
وساکھی میلہ اور 326ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات آج ننکانہ صاحب میں منعقد ہوں گی ، ترجمان

ننکانہ صاحب۔ 13 اپریل (اے پی پی):بھارتی سکھ یاتریوں کے تمام جھتے ننکانہ صاحب پہنچ گئے، سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سکیورٹی حصار میں گوردوارہ جنم استھان پہنچایا گیا۔گوردوارہ جنم استھان آمد پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو سمیت دیگر افسران نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا، بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے، ہار پہنائے، منوں پتیاں نچھاور کی گئیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق 5790 بھارتی سکھ یاتری رات گئے ننکانہ صاحب پہنچے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیساکھی میلے کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، سکھ قوم آج اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہی ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ضلعی اداروں کے افسران سکھ یاتریوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں، سکھ یاتری پاکستان سے محبتیں سمیٹ کر جائیں گے۔

پرتپاک استقبال اور فول پروف انتطامات کرنے پر سکھ یاتریوں نے حکومت اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور غیر ملکی ائے مہمان سکھ یاتریوں کے جتھے کے سربراہ نئے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کے دوران کہا کہ اس بار پاکستان نے دل کھول کر ویزے دیے، جس پر شکرگزار ہیں، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے بابا نانک کی دھرتی پر چار چاند لگا رکھے ہیں۔

بھارتی سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سکھ قوم سے بے پناہ محبت کرتی ہے، ہم مہمان نہیں، پاکستان ہماری اپنی دھرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکھوں کو اتنی عزت بھارت میں نہیں ملتی، جتنی پاکستان نے دی جس پر انتہائی شکرگزار ہیں۔