بھارتی سکھ یاتری مذہبی رسومات مکمل کرنے کے بعد (کل) واپس وطن روانہ ہو جائیں گے

100
Gurdwara Dera Sahib

لاہور۔21اپریل (اے پی پی):بھارت سے آئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات مکمل کرنے کے بعدکل(22اپریل بروز پیر کو) واہگہ بارڈر کے راستے واپس وطن روانہ ہو جائیں گے۔

ترجمان بورڈ کے مطابق گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کے دوران بھارتی یاتریوں نے گریٹر اقبال پارک، شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد کی سیر جبکہ انار کلی، شاہ عالم مارکیٹ اوردیگر ملحقہ بازاروں سے شاپنگ کی۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں بہت عزت واحترام ملا ،لاہوریوں نے ہمارے دل جیت لیے ہیں ،لوگ صحیح کہتے ہیں کہ "لاہور لاہور ہے ۔ یا تریوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک کی خوبصورتی لاجواب ہے، ہمیں یہاں آ کر اپنے گھر جیسا محسوس ہو رہا ہے ۔

یاتریوں نے کہا کہ ہماری مہمان نوازی کے لیے بہترین اقدامات کیے گئے ،سکیورٹی و میڈیکل کی بہترین سہولیات اورخصوصی طور پر رہا ئش کے انتظامات بھی بہت اچھے تھے ۔یاتریوں نے کہا کہ ہمارے گوردوارں کو خوبصورتی سے سجایا گیا جس پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں۔

پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے لاہور میں یاتریوں کے دو روزہ قیام کے دوران یہاں کا دورہ کیا اور یاتریوں سے انتظامات بارے اگاہی لی ۔بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائن رانا شاہد نے کہا کہ یاتریوں نے انتظامات پر اظہار اطمینان اور نارووال سے لاہور سفری سہولیات کے لیے ٹرین کے آغاز پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر انتظامات پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی مشاورت سے کیے گئے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔