لاہور۔30جون (اے پی پی):بھارتی سکھ یاتری اپنی 10روزہ مذہبی رسومات ادا کر نے کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے واپس چلے گئے۔
ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 185ویں برسی کی رسومات کے سلسلے میں پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتری 10 روزہ یاترا مکمل ہونے کے بعد اتوار کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گئے،سکھ یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ،پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران ودیگر نے سکھ یاتریوں کو الوداع کیا۔اس موقع پر سکھ جتھ لیڈر نے پاکستان کی جانب سے ملنے والی محبت اور احترام کو اپنا سرمایہ قراردیا۔سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں بہت پیار ملا ،مہمان نوازی عمر بھر فراموش نہیں کر سکتے۔
انہوں نے شاندار انتظامات پر حکومت پاکستان اور گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا شکریہ اداکیا۔جتھہ میں موجود دیگر یا تریوں نے کہا کہ ہمیں یہاں آ کر اپنے گھر جیسا محسوس ہو ا، ہماری مہمان نوازی کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ دوران قیام ہمیں سکیورٹی ،رہائش اور میڈیکل کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔خصوصی طور پر رہا ئش کے انتظامات بہت اچھے تھے،یہاں ہمارے گورودواروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جس پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں۔