سرینگر۔ 22 دسمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع پلوامہ میںچھ نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ترال میں آرم پورہ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔شہید ہونیوالوں کے نام صالح محمد آخون، راسخ میر، رئوف میر، عمر رمضان، ندیم صوفی اور فیصل جاوید کھانڈے بناتے جاتے ہیں۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کے لیے ضلع پلوامہ میں موبائل فون و انٹرنیٹ اور ریل سروس بھی معطل کر دی ہے۔ ادھر بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع ردرا پرایاگ میں چھ کشمیری مٹی کے تولے تلے آنے کے سبب جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوںکا تعلق مقبوضہ وادی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی سے بتایا جاتا ہے۔