سرینگر۔1اپریل (اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ مارچ میں 5کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے دو کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔
اس عرصے کے دوران، بھارتی فوج، راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، اسپیشل آپریشن گروپ اور کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر ، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی جیسی بدنام زمانہ تحقیقاتی ادروں نے 49کشمیریوں کو گرفتار کیا، جن میں بیشتر سیاسی کارکن، کشمیری نوجوان، تاجر اور طلبا شامل تھے۔
ان میں سے کئی نظربندوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔گزشتہ ماہ مقبوضہ علاقے میں پرامن مظاہرین پر بھارتی پولیس کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے دوران کم سے کم5 افراد زخمی ہوگئے۔بھارتی فوجیوں نے مارچ میں 2 خواتین کی بے حرمتی کی ایک مکان کو تباہ کردیا۔
بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ مقبوضہ علاقے میں193محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں اور اور گھروں پر چھاپے مارے ۔بھارتی وزیر داخلہ کے براہ راست کنٹرول میںفرقہ پرست قابض انتظامیہ نے اپنی نوآبادیاتی طرز کے مظالم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 19کشمیریوںکی جائیدادوں کو ضبط کر لیا۔
جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد فاروق رحمانی کی جائیداد اور مکان بھی شامل ہیں۔ یہ غیر قانونی ضبطیاں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی کشمیریوں کا معاشی طور پر گلا گھونٹنے اور ان کے سیاسی موقف اور آزادی کی خواہشات کو دبانے کی مذموم حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577682