بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ،مشعال ملک

100
بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ،مشعال ملک

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ، اقوام متحدہ ایک اعلی سطحی کمیشن بنائے جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق دنیا بھر میں ہونیوالے ان جرائم کی تحقیقات کرائے، اسرائیلی فوج غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہی ہے ۔

جمعرات کو یہاں حریت رہنماؤں کے ہمراہ یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا ہے کہ خطہ میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے، کشمیری عوام 1947 ء سے بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت آر ایس ایس کے ذریعے دنیا بھر میں کشمیریوں کو ہراساں کر رہا ہے ، اب سکھ اقلیت بھی ان سے محفوظ نہیں کینیڈا میں سکھ رہنما ءکا قتل اس کی واضح مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنے ظلم و بربریت کو چھپانے کے لیے ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور فلسطینی میں ہونے والے مظالم ایک مخصوص ذہنیت کی عکاس ہے یہ آگ دنیا بھر میں پھیل رہی ہے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ ایک اعلی سطحی کمیشن بنایا جائے جو بین الاقوامی جرائم اور انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق ان طاقتوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر کشمیریوں کو بسایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں یاسین ملک سمیت حریت قیادت کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اس موقع پر حریت رہنماء غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو اب تک کشمیریوں نے کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا ہے۔ حریت قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا۔ کشمیری عوام جدوجہد آزادی کے لئے بھارت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر حریت رہنما ءمحمود احمد ساغر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ 27اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے،

مقبوضہ وادی میں بھارت کی 10لاکھ فوج تعینات ہے جو کہ کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا عملی جامہ پہنایا جائے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر شیخ عبدالمتین نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشمیر پر ہونے والے مظالم کو ختم کرانے اور بھارت کے ناجائز قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔