اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے، کشمیری 76 سال سے آج کے دن کو یوم ِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں جب بھارتی فوج نے ہماری سر زمین پر پہلی بار قدم رکھا تھا، کشمیری قوم آزادی کا حق لے کر رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔
کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر معاون خصوصی وزیر اعظم مشعال ملک نے وڈیو پیغام میں کہا کہ ہم کشمیری 76 سال سے آج کے دن کو یوم ِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ، آج کے دن بھارتی قابض فوج نے ہماری سر زمین پر پہلی بار قدم رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے نہتے بھارتی فوج کا مقابلہ کیا ہے اورکشمیری قوم نے غم اور خون کی لازوال قربانیان دی ہیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ ہم کشمیری عوام آزادی کا حق لے کر رہیں گے ، ہماری یہ جدوجہد آزادی ملنے تک جاری رہے گی۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے، اقوام متحدہ ایک اعلی سطحی کمیشن بنائے جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق دنیا بھر میں ہونیوالے ان جرائم کی تحقیقات کرائے۔