اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے سیدعلی گیلانی مرحوم کے اہل خانہ کے خلاف مقدمات کااندراج شرمناک اقدام ہے۔
اتوارکواپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پہلے 92 سالہ سید علی گیلانی جو محترم ترین اور بااصول کشمیری رہنمائوں میں سے ایک ہیں کا جسدِ خاکی چھیننا اور پھر ان کے اہلِ خانہ کیخلاف مقدمہ قائم کرنا نازیوں سے متاثر آرایس ایس-بی جے پی سرکار کے ہاتھوں ہندوستان کے سفاکیت پر گرنے کی ایک اور شرمناک مثال ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ بھارتی اخبارٹائمزآف انڈیا کی خبربھی شئیرکی ہے،خبرکے مطابق غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ کشمیرکی پولیس نے سید علی گیلانی کی تدفین کے موقع پربھارت مخالف نعرے لگانے اورمرحوم کی جسدخاکی کوپاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر سید علی گیلانی کے اہل خانہ اوردیگرافراد کے خلاف بڈگام پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرادی ہے۔