اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):بھارتی میڈیا، جو کل تک جنگی جنون میں مبتلا ہو کر پاکستان کو "چند گھنٹوں میں فتح” کرنے کے نعرے لگا رہا تھا، آج "آپریشن بُنیانٌ مَّرْصُوص” کے بعد نہ صرف خاموش دکھائی دے رہا ہے بلکہ اپنی ہی حکومت اور فوج پر کڑی تنقید کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔بھارتی میڈیا جو کچھ دن قبل تک پاکستان کو چند گھنٹوں میں زیر کرنے، کراچی بندرگاہ پر قبضہ کرنے اور پاکستانی افواج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے دعوے کر رہا تھا، آج "آپریشن بُنیانٌ مَّرْصُوص” کے بعد مکمل طور پر پسپا نظر آ رہا ہے۔ جنگی جنون سے لبریز گودی میڈیا اب اپنی ہی حکومت اور فوج کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہا ہے۔
پٹھان کوٹ، جموں اور پونچھ میں پاکستانی حملوں کے بعد بھارتی چینلز نہ صرف حملوں کا اعتراف کر چکے ہیں بلکہ عوامی سطح پر تباہی کی ویڈیوز اور بیانات نشر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ معروف عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی اسٹاک مارکیٹ کو 83 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے اور غیرملکی سرمایہ کار بھارتی معیشت پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، پاکستانی قوم یک زبان ہو کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے ہر گلی کوچے میں گونج رہے ہیں۔ یہ منظرنامہ واضح کرتا ہے کہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ پاکستان کی مضبوط حکمت عملی، سچائی اور قومی اتحاد کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595253