اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ایشیاءسوسائٹی سے خطاب کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا خواجہ آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر رہا ہے۔جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے وزیر خارجہ کے ایشیاءسوسائٹی سے خطاب سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے کالعدم تنظیموں ٹی ٹی پی،جماعت الاحرار،لشکر جھنگوی اور دیگر کے زریعے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین استعمال کرنے کا حوالہ دیا۔وزیر خارجہ نے را کیلئے کام کرنے والے بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کا بھی حوالہ دیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ کلبھو شن یادیو کے اعترافی بیانات پاکستان کیخلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی اور دہشت گردوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے واضح ثبوت ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا وزیر خارجہ خواجہ آصف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71521