31.4 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 31, 2025
ہومقومی خبریںبھارتی میڈیا کا پاکستان سے5 لاکھ 14ہزار لوگ سعودی عرب بھاگ جانے...

بھارتی میڈیا کا پاکستان سے5 لاکھ 14ہزار لوگ سعودی عرب بھاگ جانے کا جھوٹا پروپیگنڈہ بے نقاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):پاکستان سے امسال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین حج نے اس مقدس سفر پر جانا ہے جبکہ بھارتی میڈیا جھوٹ کے سہارے یہ رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستان سے5 لاکھ 14ہزار لوگ سعودی عرب بھاگ رہے ہیں۔جمعرات کو حکومتی ترجمان نے اس بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ ارکان اسلام میں حج پانچواں رکن ہے جسے اللہ تعالیٰ نے صاحب استطاعت، عاقل، بالغ، تندرست، مسلمان مرد اور عورت پر زندگی میں ایک بار فرض کیا ہے۔

حج ایک جامع عبادت ہے اور اس میں بڑی گہری معاشرتی اور تمدنی مصلحتیں چھپی ہوئی ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت ہر سال مختلف ممالک کے لئے عازمین حج کا کوٹہ مقرر کرتی ہے۔ یہ کوٹہ وہاں بسنے والے مسلمانوں کی تعداد کو مدنظر رکھ کر مقرر کیا جاتا ہے۔ انڈونیشیا مسلمانوں کی آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک ہے اس لئے سال 2024ء میں اس کا کوٹہ2 لاکھ81 ہزار عازمین حج مقرر کیا گیا۔ پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار، بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کا کوٹہ ایک لاکھ75 ہزار اور نائیجریا کا کوٹہ 95 ہزار مقرر کیا گیا۔ اس سال بھی دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے سعودی عرب پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ حج 2025ء کے لئے بھی انتظامات اور سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف ممالک کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق اس سال پاکستان سمیت دنیا بھر سے 25لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

- Advertisement -

اب تک لاکھوں عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں اور آمد کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ لیکن افسوس صد افسوس کہ نریندر مودی کی گود میں بیٹھے بھارتی میڈیا نے مسلمانوں کے اس مقدس فریضہ کو بھی اپنے جھوٹ، فریب اور مکاری پر مبنی غلیظ پروپیگنڈا سے آلودہ کرنے کی مہم شروع کی ہوئی ہے۔گودی میڈیا کے جھوٹ کا پردہ یوں چاک کیا جاتا ہے کہ پاکستان سے امسال کم و بیش ایک لاکھ 80ہزار عازمین حج نے مقدس سفر پر جانا ہے جبکہ بھارتی میڈیا یہ جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے کہ پاکستان سے5 لاکھ 14ہزار لوگ سعودی عرب بھاگ رہے ہیں۔ اس گودی میڈیا کو کیا معلوم کہ ہر مسلمان کے دل میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے کتنی تڑپ اور تمنا ہوتی ہے ۔

اگر گودی میڈیا بھارتی مسلمانوں کی حج پر روانگی کی تعداد ہی معلوم کر لیتا تو اسے جھوٹ اور فریب پر مبنی کہانی گھڑنی ہی نہ پڑتی۔لیکن جھوٹ کے پائوں ہی کہاں ہوتے ہیں اس لئے گودی میڈیا شرمناک حد تک حقائق کو مسخ کر پیش کرنے کی اپنی روش میں تمام حدیں عبور کر چکا ہے اور حج کی ادائیگی کے لئے جانے والوں کے مقدس سفر کو جھوٹ کے لبادے میں اوڑھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے باعث بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی بھی دلآزاری ہو رہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603173

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں