بھارتی وزیراعظم کا بلوچستان سے حمایت ملنے کا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے ، سینیٹر میر حاصل خان بزنجو

157

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) صدر نیشنل پارٹی و سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور نہیں چاہتا کہ اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو، پاکستان ماضی میں بھی اپنی کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت کرتا رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کو اجا گر کرتا رہا ہے اور حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے اور عالمی برادری کو یہ باور کرایا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانہ حقوق کو سرعام پامال کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام” مشن کشمیر“ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جس میں نہ وہ ماضی میں کامیاب ہوا ہے اور نہ ہی اب ہو گا، کشمیری اپنے بنیادی حق ، حق خود ارادیت کے لیے پرعزم ہیں اور اپنی پرامن جدوجہد آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں انہوں نے لازوال قربانیاں بھی دی ہیں، انہوں نے کہا کہ برھان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کی اس تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور وہ اپنی آزادی کے لیے سرگرم ہیں، ایک سوال پر سینیٹر میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا بلوچستان سے حمایت ملنے کا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے کیونکہ بلوچ عوام اپنے وطن پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں اور اپنے وطن عزیز کی خاطر مرنے اور مارنے کو بھی تیار ہیں اس لیے بلوچستان کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے موازنہ کرنا کسی صورت بھی درست نہیں اور نہ ہی ان دونوں کا کوئی موازنہ کیا جا سکتا ہے، مقبوضہ کشمیر ایک مسلمہ متنازعہ علاقہ ہے جسے پوری دنیا جانتی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کو ایسی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے کیونکہ ان کے اپنے ملک میں اس وقت بھی 22 سے زائد آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں