اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جی سیون سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے میونخ آمد کے موقع پر وہاں مقیم بھارتی شہریوں نے ان کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور ‘مودی ناٹ ویلکم’ اور ‘گو بیک مودی’ کے نعرے لگائے۔ جرمنی میں مقیم بھارتی تارکین وطن نے بھارت میں غیر ہندو برادریوں کو پسماندہ کر نے اور انتہا پسند ہندوتوا نظریہ کی مذمت کے لئے مودی کے خلاف زبردست احتجاج اور نعرہ بازی کی ۔
انٹرنیشنل کونسل آف انڈین مسلمز نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر کہا کہ میونخ کے تاریخی میدانوں میں آج مودی کا استقبال کیا جائے گا ،ہم ہندوتوا کی انتہا پسندی کے خلاف ڈٹ کر کھٹرے ہیں ۔کونسل کے سوشل میڈیا پیج پر احتجاجی اجتماع کی ویڈیو فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے جہاں لوگوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مودی مخالف نعرے درج تھے، مظاہرے میں شریک ایک بھارتی سکالر سوائن نے کہا کہ جرمنی میں بھارتی شہری مودی کا استقبال نہیں کرسکتے جسے واپس جاناہوگااس نے مزید کہاکہ بھارتی میڈیا مودی کے خلاف مظاہرہ نہیں دکھائے گا ،
بی جے پی حکومت کے مخالف ایک اور بھارتی شہری نے کہا کہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے پر مودی کا استقبال نہیں کیا جاسکتا، جرمنی میں مقیم بھارتی شہری انتہا پسندی اور ہندوتوا حکومت کو مسترد کرتے ہیں ، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مودی کے خلاف بیرون ملک اس طرح کا سلوک ہوا ہو،اس سال مئی میں بھی مودی کے دورہ یورپ کے دوران بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظالم پر بین الاقوامی خاموشی کے خلاف ایسے ہی احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے ۔
ان کے دورہ کوپن ہیگن کے موقع پر انسانی حقوق کے کارکنوں نے امالینبرگ پیلس کے سامنے خالی جوتے رکھتے ہوئے ان کا جوتوں سے استقبال کیا تھا،مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’مودی خوش آمدید نہیں‘، ’بھارت نسل کشی کے قریب ہے اورہم آپ کو سانحہ گجرات 2002 کو فراموش نہیں کرنے دیں گے‘ جیسے نعرے درج تھے۔2015 میں بھی بھارتی وزیر اعظم کے دورہ برطانیہ سے قبل برطانوی پارلیمنٹ کےباہر نریندر مودی کی تصویر آویزاں کی گئی جسے تلوار دکھاتے ہوئے کہا گیا ‘مودی کا استقبال نہیں کریں گے ۔2019 میں ہیوسٹن کے NRG اسٹیڈیم میں مودی کے خطاب کے دوران مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں لکھا تھا کہ مودی واپس جائو ، کشمیر کو آزاد کرو،80 لاکھ افراد کو قید نہیں کیا جاسکتا،ستمبر 2021 میں امریکہ کے دورہ کے دوران سینکڑوں بھارتی شہریوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے مودی کے دورے کے خلاف احتجاج کیا اوربھارت کو فاشزم سے بچاؤ” کے نعرے لگائے تھے ۔