بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے جنگ میں ناکامی کا الزام چین پر ڈال دیا

54
بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے جنگ میں ناکامی کا الزام چین پر ڈال دیا

نئی دہلی۔4جولائی (اے پی پی):آپریشن سندور”میں ناکامی کے بعد فوج کی شرمندگی کو چھپانے کیلئے بھارتی فوج کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہول آر سنگھ نے چین کو بھارت کی شکست کاذمہ دار قراردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کوجنگ میں چین کی مکمل حمایت حاصل تھی اور میدان جنگ میں اسکے خلاف جدیدچینی ہتھیاراستعمال کئے گئے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی میں ایک دفاعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راہول سنگھ نے بھارت کے عوام کو جنگ میں شکست کی صفائیاں پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کو میدان جنگ میں تین دشمنوں پاکستان ، چین اور ترکیہ کا سامنا تھا۔

ہمیں وقت پر ہتھیار فراہم نہیں کئے گئے جبکہ پاکستان کو چین کی مکمل حمایت حاصل تھی اور چین نے اپنے ہتھیارروں کا تجربہ بھارتی سرزمین پر ایک لیبارٹری کے طور پر کیا۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ گزشتہ ماہ کی جنگ میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ بھارت الیکٹرانک وارفیئرمیں بہت پیچھے ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے حکومت پر کڑی تنقید دراصل بڑھتے ہوئے اندرونی سیاسی خلفشار کی عکاس ہے اور حکومت اور فوج پاکستان کے خلاف جنگ میں ناکامی کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں ۔

گزشتہ ماہ بھارتی ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے بھی شکوہ کیا تھا کہ دفاعی معاہدوں کے تحت کبھی بھی ہتھیار اورعسکری آلات قت پر نہیں ملتے ۔پاکستانی افواج نے ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دلیرانہ قیادت اور عوام کے اعتماد کے باعث بھارت کو شکست فاش دی۔ پاکستان نے بھارت سے کبھی نہیں کہاکہ اس نے جنگ میں اسرائیلی اور فرانسیسی ہتھیارکیوں استعمال کئے ؟بھارت کو تین دشمنوں کا گلہ کرنے کی بجائے اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے۔ جس کے باعث وہ اقوام عالم میں تنہا ہو گیا ہے۔