اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاءو سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور کوٹلی کے علاقہ (کوٹ کتیراسیکٹر) میں لائن آف کنٹرول پر 17 مارچ 2017ءکو بھارتی قابض افواج کی طرف سے سیز فائر کی بلااشتعال خلاف ورزی کی مذمت کی جس کے نتیجہ میں 60 سالہ سویلین خاتون شہید ہو گئیں۔ پیر کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین کے منافی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003ءسیز فائر مفاہمت کا احترام کرے۔ سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے اس اور دیگر واقعات کی تحقیقات کرائی جائیں، بھارتی افواج کو سیز فائر کا حقیقی معنوں میں احترام کرنے اور لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھنے کی ہدایت کی جائے۔