اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) پاکستان میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دفتر خارجہ کے جنوبی ایشیاءاور سارک ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور 13 اگست (منگل) کو بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا۔ فائرنگ سے ایک 38 سالہ معصوم شہری جو لیچیال گاﺅں کا رہائشی تھا، شہید ہو گیا۔ بھارتی مقبوضہ افواج ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر مسلسل رہائشی آبادیوں پر فائرنگ کر رہی ہے اور بھارتی افواج کی جانب سے آرٹلری، بھاری توپوں سے مارٹر گولے اور آٹومیٹک اسلحہ سے مسلسل فائرنگ کی جا رہی ہے۔