بھارتی ڈیوس کپ ٹیم پاکستان کے خلاف گروپ ون پلے آف ٹائی کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی

94
بھارتی ڈیوس کپ ٹیم پاکستان کے خلاف گروپ ون پلے آف ٹائی کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):دس رکنی بھارتی ٹینس ٹیم پاکستان کے خلاف ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ون کے پلے آف ٹائی کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی جس میں پانچ کھلاڑی اور پانچ آفیشلز شامل ہیں۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ترجمان نے پیر کو بتایا کہ بھارتی ڈیوس کپ ٹیم 1964 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ کھلاڑیوں کے علاوہ بھارتی سکواڈ میں دو فزیوز، ایک کوچ، ایک منیجر اور ایک کوآرڈینیٹر شامل ہیں۔ ٹائی سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے گراس کورٹس پر 3 سے 4 فروری تک کھیلا جائے گا۔

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے)نے ابتدائی طور پر ایک غیر جانبدار مقام پر ٹائی کھیلنے کی اپیل کی تھی، تاہم انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ٹریبونل نے اسے مسترد کر دیا۔ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان آخری بار ٹائی 2019 میں قزخستان میں کھیلی گئی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن پہلے ہی ٹائی کے لیے ٹیم کا اعلان کر چکی ہے جس میں مزمل مرتضیٰ، اعصام الحق قریشی، عقیل خان، محمد شعیب اور برکت اللہ شامل ہیں۔ محمد عابد ٹیم کے کپتان ہوں گے۔