نئی دہلی ۔21اکتوبر (اے پی پی):بھارتی ہائی کمشنر نےکینیڈین حکومت کی جانب سے سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کر دی ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر سنجے کمار ورماجنہیں گزشتہ پیر کو پانچ دیگربھارتی سفارت کاروں کے ساتھ ملک بدر کر دیا گیا تھا، نےسی ٹی وی کے پروگرام’’کوئسچن پیریڈ‘‘میں کہاکہ ان پر لگائے گئے الزام کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، یہ (الزام) سیاسی تھا۔انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ بھارتی حکومت کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسندوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے بھارتی ہائی کمشنر کے طور ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جس کے ان پر الزامات عائد کئے گئے ہیں۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قتل غلط اور برا ہوتا ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں ۔
بھارتی ہائی کمشنر نے کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی کے اس بیان کی بھی تردید کی جس میں بھارت کا روس سے موازنہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہیں وہ ٹھوس ثبوت دیکھنے دیں جن کے بارے میں وہ بات کر رہی ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ سیاسی طور پر بات کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے الزامات کے حوالے سے ہمیں کوئی ثبوت فراہم نہیں کئےگئے۔