بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کی اپنی درخواست پر خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات،کلبھوشن یادیو کا معاملہ اٹھایا،یادیو کو پاکستان میں جاسوسی، دہشتگردی اور تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،قانون اور آئین کے مطابق اسے وکیل فراہم کیا،اس معاملہ پر بھارتی پارلیمنٹ کا واویلا بلاجواز ہے،خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ کی گفتگو
اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے نے جمعہ کو یہاں اپنی درخواست پر خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ہائی کمشنر نے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس آفیسر اور را کے ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن یادیو کا معاملہ اٹھایا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یادیو کے خلاف ٹرائل پاکستان آرمی ایکٹ 1952ءاور آفیشل سیکرٹ ایکٹ آف 1923ءکے تحت کیا گیا، یادیو کو پاکستان میں جاسوسی، دہشتگردی اور تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جس نے پاکستان کی ریاست کے خلاف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا خود اعتراف کیا۔ خارجہ سیکرٹری نے کہا کہ ٹرائل کی مدت کے دوران جوڈیشل عمل کی پیروی کی گئی اور متعلقہ قوانین اور آئین پاکستان کے مطابق کلبھوشن کو وکیل فراہم کیا گیا۔ خارجہ سیکرٹری نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو بارہا درخواستوں اور نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے کہنے کے باوجود قونصلر رسائی تک فراہم نہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ کا واویلا بلاجواز ہے، جس سے پاکستان کے خلاف جذبات میں اضافہ ہوا، جو خطہ میں امن کیلئے ہمارے وزیراعظم کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کے فروغ کیلئے سازگار نہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=50729