بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نہتے کشمیریوںپر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ، عبدالصمدانقلابی

115

سرینگر۔30نومبر (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہاہے کہ بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ علاقے پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے دنیا میں محکوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن منائے جانے کے موقع پر سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت اپنے زیر قبضہ جموں کشمیر میں اسلامی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے اسرائیلی طرز کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم وجبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل اپنے اپنے مقبوضہ علاقوں جموںو کشمیر اور فلسطین پر اپنے غیر قانونی تسلط کو مستحکم کرنے کےلئے ایک دوسرے کے ساتھ تیزی سے تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوںاورفلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کو ہر فورم پر اٹھایا جانا چاہیے۔عبدالصمد انقلابی نے کہاکہ بھارت اور اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام عالم کا امن و استحکام جموںو کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل سے وابستہ ہے لہذا عالمی برادری کو چاہیے کو وہ ان دونوں خطوں کے لوگوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔