اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی بجائے ان کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
بدھ کو یوم حق خودارادیت کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کشمیریوں کی حق خودارادیت کی قرارداد کو منظور ہوئے 73 سال گزر چکے ہیں ۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ کے فورم پر لے کر گیا تھا۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی بجائے ان کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ حق خودارادیت کے لیے ہزاروں کشمیری اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی منظم نسل کشی کر رہا ہے ۔ 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا رہی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت کسی صورت میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جذبہ کو دبا نہیں سکتا۔ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاس کی گئی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔