بھارت امریکہ انسدادِ دہشت گردی مشترکہ ورکنگ گروپ کے اعلامیے میں پاکستان کے بلاجواز حوالے کو مسترد کرتے ہیں ، پاکستان ہم نے اپنے تحفظات امریکی حکام تک پہنچا دیے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

56

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے بھارت امریکہ 17 ویں انسدادِ دہشت گردی مشترکہ ورکنگ گروپ کے اعلامیے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلامیے میں پاکستان کے بلاجواز حوالے کو سختی سے مسترد کیا ہے۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم نے اس سلسلے میں اپنے تحفظات امریکی متعلقہ حکام تک پہنچا دیے ہیں ترجمان نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام شریک ممالک جنوبی ایشیائی خطے کے امن و امان سے جڑے مسائل کا تذکرہ ، زمینی حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے کریںاور یک طرفہ اور حقائق کے منافی آرا سے احتراز کریں۔ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان ہندوستان کی ایما اور معاونت پر مبنی سرحد پار سے ہونیوالی دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔عالمی برادری پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کاوشوں، قربانیوں اور ان کے نتیجے میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو بھی تسلیم کرتی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس امر کا بارہا اظہار کر چکا ہے کہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر گامزن بی جے پی سرکار کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک،مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی، اور پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف بھارت کا جارحانہ سلوک ،پورے جنوبی ایشیائی خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہئیے کہ وہ خطے کے امن و استحکام کے منافی روش اپنانے سے باز رہے۔