اقوام متحدہ ۔ 14ستمبر (اے پی پی)اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میںبھارت اوراسرائیل کودنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بدترین ریکارڈ رکھنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے جہاں شہریوں کو قتل ، تشدد ، غیر قانونی اوربلا جواز گرفتاری کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی نویں سالانہ رپورٹ میںبھارت کو ان 38 ممالک میں شامل کرلیا جہاں شہریوں کو قتل ، تشدد ، غیر قانونی اوربلا جواز گرفتاری کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کشمیریوں پر ظلم، اقلیتوں سے نا انصافی اور نچلی ذاتوں پر تشدد بھارت کا بھیانک چہرہ ہے جسے دنیا نے تسلیم کرلیاہے۔انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اینڈریو گلمور نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی طرف سے تیار کی جانے والی سالانہ رپورٹ اگلے ہفتے عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختلف ملکوں میں شہریوں کی آواز کو خاموش کرانے کیلئے کھڑی کی جانے والی قانونی، سیاسی اور انتظامی رکاوٹوں کا بغور جائزہ لیتے رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=113584