نئی دہلی۔20جنوری (اے پی پی):بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں بھارت کے دورہ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 22 جنوری کو پہلے میچ سے ہوگا ،یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جائے گا، بھارتی کرکٹ ٹیم کو سوریا کماریادیو لیڈ کریں گے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم جوز بٹلر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 25جنوری کو چنائی ،تیسرا 28 جنوری کو راجکوٹ ،چوتھا 31 جنوری کو پونے جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 2 فروری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے تمام میچز نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ناگپور پہنچے گی جہاں وہ بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 فروری کو کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 9 فروری کو کٹک میں جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 12 فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ تینوں ایک روزہ میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے ۔