پونے۔30جنوری (اے پی پی):بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ کل (جمعہ کو) مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، پونے میں کھیلا جائے گا۔ بھارت کی مردوں کی ٹیم کو انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔
میزبان ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 2 وکٹوں سے مات دی تھی تاہم انگلینڈ کی ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان بھارت کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔
انگلینڈ کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں بھارت کے دورہ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ٹی ٹونٹی سیریز کے تین میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے دو میچز میں بھارتی ٹیم نے فتح حاصل کی اور ایک میچ میں انگلینڈ کی ٹیم فاتح رہی تھی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کو سوریا کماریادیو لیڈ کریں گے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم جوز بٹلر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔
بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا کل جمعہ کو پونے جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 2 فروری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے تمام میچز نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ناگپور پہنچے گی جہاں وہ بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 فروری کو کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 9 فروری کو کٹک میں جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 12 فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ تینوں ایک روزہ میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553598