بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز تاریخ سازبن گیا

144
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز تاریخ سازبن گیا

کیپ ٹائون۔3جنوری (اے پی پی):بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز تاریخ ساز رہا، دونوں ٹیموں نے کئی تاریخی اور ناپسندیدہ ریکارڈز اپنے نام کئے۔ بدھ کے روز کیپ ٹائون میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 55 رنز پر آئوٹ ہوگئی،

یہ جنوبی افریقہ کا 92 برس بعد ٹیسٹ اننگز میں کم ترین سکور ہے جبکہ بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کا یہ سب سے کم سکور ہے۔ اسی طرح بھارت کے 6 کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی اننگز میں بغیر کسی رن کے اضافے سے وکٹیں گنوا کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ بدل دی، بھارت کے 153 رنز پر 4 کھلاڑی آئوٹ تھے جبکہ بقیہ 6 بلے باز 153 کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی رن کے اضافے پویلین لوٹ گئے۔

کیپ ٹائون ٹیسٹ کے پہلے روز مجموعی طور پر 23 وکٹیں گریں، ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں7 بھارتی کھلاڑی رنز کا کھاتہ نہ کھول سکے۔ اسی طرح جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر بلے باز ڈین اپنے ٹیسٹ کیریئر کے آخری میچ میں ایک ہی دن میں دو بار آئوٹ ہونے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، ان سے قبل آسٹریلیا کے جیک باریٹ 1890ء میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کے آخری میچ میں ایک ہی روز دو بار آئوٹ ہونے والے پہلے کرکٹر تھے۔