بھارت اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ کل راجکوٹ میں کھیلا جائے گا،سیریز1-1 سے برابر ہے

191

راجکوٹ۔6جنوری (اے پی پی):بھارت اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ کل (ہفتہ کو )سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

بھارت کی ٹیم نے مہمان ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سخت مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دی تھی جبکہ آئی لینڈرز نے دوسرے میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ۔سری لنکا کی ٹیم اپنے دورہ بھارت کے دوران تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے علاوہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی،

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 7 جنوری کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا، ٹی 20 سیریز میں بھارت کو ہردیک پانڈیا لیڈ کررہے ہیں جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو، ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل شامل ہیں، سری لنکن ٹیم ڈاسن شناکا کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں ونندو ہسارنگا، دہننجایا ڈی سلوا ، کوشال مینڈس کی خدمات حاصل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 10 جنوری سے گوہاٹی میں ہو گا،

دوسرا میچ 12 جنوری کو ایڈن گارڈنز جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 جنوری کو تھیروانا تھاپورام میں کھیلا جائے گا۔