بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کی مذ مت کرتے ہیں،جی ٹونٹی ممالک کا مقبوضہ کشمیر میں اجلاس بلانا خطے کے امن کیخلاف سازش ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی

68
Tahir Mahmood Ashrafi

لاہور۔4مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین الا مذاہب ہم آہنگی و مشرقی وسطی و چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کی مذ مت کرتے ہیں اور جی ٹونٹی ممالک کا مقبوضہ کشمیر میں اجلاس بلانا خطے کے امن کیخلاف سازش ہے۔19مئی کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس منعقد کرائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جمعرات کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا محمد خان لغاری ،علامہ ضیا ا للہ شاہ ،علامہ اسلم صدیقی ،مولانا اسلم قادری،پادری عمانو یل کھوکھر و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف شروع دن سے واضح ہے اورآرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کا کول اکیڈمی میں اپنے خطاب کے دوران کشمیر کے حوالے سے اپنا موقف دنیا بھر میں ایک بار پھر واضح کر دیا ہے اور ہم ان کے بیانیے کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقلیتوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے اور اس وقت بھارتی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس عیسائیوں، سکھوں اور مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، ہماری اقوام عالم سے اپیل ہے کہ وہ بھارت میں ہونے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے۔انہوں نے مزید کہا کہ 200 چرچز کو گرایا جا چکا ہے اور پانچ سو مساجد کو شہید کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا اور پاکستان کے بھارت کی طرف تعلقات کے تمام راستے کشمیر سے ہو کر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جی ٹونٹی ممالک کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرانے کی بھارتی سازش کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ہماری سعودی عرب، ترکی انڈونیشیا، چین ،روس سمیت دیگر ممالک سے اپیل ہے کہ وہ اس اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیں اور بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق دے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کی قراردادیں اقوام متحدہ میں موجود ہیں،ہماری اقوام عالم سے اپیل کہ وہ ان قراردادوں کے مطابق کشمیر کا حل نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل اور انٹرنیشنل فیتھ ہارمنی کونسل جی ٹونٹی کے رکن ممالک کے سربراہان کو خط لکھ رہی ہے جس میں ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارت میں ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس 19مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو مدعو کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت سے تعلقات کی بحالی کے لیے نہیں بلکہ شنگھائی تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے گئے ہیں اور بھارت کی اس حوالے سے بھر پور کوشش تھی کہ پاکستان اس اجلاس میں شرکت نہ کرے۔