ہانگ زو۔3اکتوبر (اے پی پی): بھارت کی کرکٹ ٹیم ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ بھارتی ٹیم نے ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کےکوارٹر فائنل میچ میں نیپال کی ٹیم کو 23 رنز سے شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا۔
نیپال کی ٹیم بھارت کی طرف سے ملنے والا 203 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔ چینی شہر ہانگ زو میں جاری ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ایونٹ میں منگل کو کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان رتوراج گائیکواڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بناکر نیپال کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 203 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کے یشسوی جیسوال نے 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے انفرادی 100 رنز کی اننگز کھیلی ، کپتان رتوراج گائیکواڑ اور شیوم دوبے نے بالترتیب 25، 25 رنز سکور کیئے ۔ نیپالی ٹیم کے دیپندرا سنگھ نے دو جبکہ سومپال کامی اور لامیچھانے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
جواب میں نیپال کی ٹیم بھارت کی طرف سے ملنے والا 203 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔ کوشال مالا اور سندیپ جورا بالترتیب 29، 29 رنز بناسکے۔ بھارتی ٹیم کی طرف سے اویش خان اور روی بشنوئی نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے تین، تین جبکہ ارشدیب سنگھ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یوں بھارتی ٹیم نے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں نیپال کی ٹیم کو 23 رنز سے ہرا کر ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔