اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی): برطانیہ کے رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا ہے کہ بھارت جمہوری نہیں ، اقلیتوں کے حقوق غصب کرنے والا ملک ہے ،
ارکان پارلیمنٹ پانچ سال کیلئے منتخب ہوتے ہیں کوئی کیسے اس کو نکالنے کی بات کر سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو دستور پاکستان کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے بین الاقوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام رہا ہے ،کہنے کو جمہوریت آسان چیز ہے لیکن حقیقت میں مشکل کام ہے،جمہوریت کو سمجھنا بنیادی چیز ہے،
آئین میں درج عوامی نمائندوں کی 5 سال کی مدت پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ پانچ سال کیلئے منتخب ہوتے ہیں کوئی کیسے اس کو نکالنے کی بات کر سکتا ہے۔برطانیہ میں ہمارے پاس کوئی تحریری آئین نہیں ہے،بھارت بالکل جمہوری ملک نہیں ،جب کشمیر یوں، سکھوں ، اور بھارت میں دلت طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی بات آتی ہے تو بھارت سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جاتا ہے۔میں یہ ماننے سے انکار کرتا ہوں کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے۔