اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر الزام لگا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتا ہے جبکہ مودی سرکار کا بیانیہ سراسر من گھڑت اور خود ساختہ ہے۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر جواب دینے کے لیے تیار ہے اور بھارت کی طرف سے انڈس واٹر ٹریٹی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی جنرل نے جب خطہ میں جنگ کو ناممکن قرار دیا تو اسے فوراً برطرف کر دیا گیا، جو بھارت کے جارحانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خطہ میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش اور مالدیپ جیسے ممالک بھارت سے نالاں ہیں۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بھارتی وزراء پاکستان سے خوفزدہ ہو کر سفارتی سطح پر بھی رابطہ سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ جنرل عاصم منیر ہمارا فخر ہیں اور ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے بھارتی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل پاکستان مخالف زہر اگل رہا ہے اور یہ بھارت کی پرانی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589937