بھارت خطہ کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہے اور سرحد پر امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے، چین کا بھارت کو انتباہ

61

بیجنگ۔25جنوری (اے پی پی):چین نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خطہ کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہے اور سرحد پر امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے پیر کو یہاں پریس بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ چینی افواج نے بھارت کے ساتھ سرحدی علاقہ میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس سمت بھارت کو بھی کام کرنا چاہئے اور وہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے سرحد پر صورتحال کشیدہ یا پیچیدہ ہو۔ ترجمان نے لداخ کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے چین اور بھارت کے فوجی کمانڈروں کے درمیان مذاکرات کے متعلق کہا کہ بات چیت کا نیا دور ہوا ہے اور دونوں ممالک مناسب وقت پر اس بارے معاہدہ سے آگاہ کریں گے۔ دریں اثنا چین کے ایک اخبار ”گلوبل ٹائمز“ نے ایک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کا یہ دعویٰ کہ چینی اور بھارتی افواج کے درمیان تین روز قبل ہونے والی جھڑپ میں دونوں ممالک کے فوجی زخمی ہوئے، جھوٹا ہے۔ اخبار کے مطابق اگلے محاذ پر چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے ساتھ اس واقعہ کا کوئی ریکارڈ نہیں، حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کی فوجی قیادت کور کمانڈرز کی سطح کے مذاکرات کے 9ویں دور پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک میں ایسی کوئی جھڑپ نہیں ہوئی جس کا بھارتی میڈیا نے ذکر کیا ہے۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق دونوں ممالک کی فرنٹ لائن کی افواج کے درمیان معمولی مزاحمت ہوئی ہے اور اگر ان میں کوئی جانی نقصان ہوتا تو چینی افواج کے ریکارڈ میں اس کا ذکر نہ کرنا ناممکن تھا۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق بھارتی میڈیا اپنے مفاد میں غیر مستند خبریں دے رہا ہے اور ایسی اطلاعات بنیادی طور پر جھوٹی اور غلط ہیں۔