راولپنڈی۔27اکتوبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکریٹری برائے وفاقی تعلیم وپروفیشنل ٹریننگ وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ بھارت زیادہ دیرمظلوم کشمیریوں کے حقوق سلب نہیں کرسکتا جبکہ آزادی کشمیرکا سورج ایک دن ضرورطلوع ہوگا۔آج کشمیرکی تاریخ میں سیاہ دن ہے جب بھارت افواج نے کشمیرجنت نظیرپرغاصبانہ قبضہ کیا۔یہ بات انھوں نے پنجاب آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش اورریلی سے خطاب کرتی ہوئی کہی۔ ناہیدمنظوراورڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمدان کے ہمراہ تھے۔وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان ہرسطح پراپنے کشمیریوں بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پرمظلوم کشمیریوں کے حقوق پرآوازنہ اٹھانا افسوس ناک ہے۔ناہیدمنظورنے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیرکی آزادی کی تحریک کا سپاہی ہے۔انھوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی پاکستانی عوام کسی بھی قربانی سے دریخ نہیں کرے گی۔ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمدنے کہا کہ آج کے دن کشمیریوں کے حقوق پرشب خون ماراگیا تھا۔نمائش میں 100 سے زائدبھارتی مظالم کوعیاں کرنے کے لیے تصاویررکھی گئی تھیں۔تصویری نمائش کے علاوہ واک کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس کی قیادت پارلیمانی سیکریٹری برائے وفاقی تعلیم وپروفیشنل ٹریننگ وجیہہ اکرم نے کی ۔واک کے شرکاءنے بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔