اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ کشمیر میں سفارتکاروں کے دورے کے موقع پر فوجی بنکر ہٹا کر بھارت جعلی امن کی عکس بندی کر رہا ہے،بھارت جان لےسچ چھپ نہیں سکتا۔بدھ کوبھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں سفارتکاروں کے سکرپٹڈ دورے پر شہریار خان آفریدی نے ٹویٹ میں کہا کہ سفارتکاروں کے دورے سے قبل مقبوضہ کشمیر میں اُن سڑکوں سے فوجی بنکر اٹھا دیے گئے جہاں سے سفارتکاروں کا گزر ہونا تھا۔شہریار آفریدی نے کہا کہ بنکر اٹھانے کا مقصد سفارتکاروں کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں امن کا جعلی عکس پیش کرنا ہے،بھارت جان لے کہ سچ چھپائے نہیں چھپتا اور بار بار جھوٹ بولنے سے وہ سچ نہیں بن جاتا۔