بھارت سے بات ہو گی تو پہلے کشمیر پر ہو گی، کشمیر میں صحت، تعلیم، مواصلات کی جدید سہولیات کی فراہمی کے وعدے پورے کریں گے، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا فارورڈ کہوٹہ میں جلسہ سے خطاب

41

فارورڈ کہوٹہ ۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارت سے بات ہو گی تو پہلے کشمیر پر ہو گی، عمران خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں پیش کیا، کشمیر میں صحت، تعلیم، مواصلات کی جدید سہولیات کی فراہمی کے وعدے پورے کریں گے، ماضی کے حکمرانوں نے لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا، تین تین باریاں لینے کے بعد بھی کہتے ہیں کہ ہمیں موقع دو، کشمیر میں نظریہ کی سیاست شروع ہو گئی ہے، کشمیریوں نے برادری ازم کی سیاست کو ختم کر دیا ہے۔ وہ منگل کو فارورڈ کہوٹہ میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آبا ئوجداد نے قربانیاں دے کر ایک آزاد ملک بنایا لیکن کرپٹ حکمرانوں نے قرضے لے کر اس ملک کو مقروض بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر وہ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں موقع دو، تین، تین مرتبہ ان کو موقع مل چکا ہے اور انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں کچھ نہیں کیا، تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں، روشنیوں کے شہر کراچی کو اندھیروں میں ڈبو دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کو مار دیا اور اب بھی کہتی ہے کہ بھٹو زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کی لیکن بھٹو نے کہا کہ یہ ہمارا آپس کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز جو یہاں کہتی پھر رہی ہیں کہ وہ کشمیر کی بیٹی ہیں، ان کی جماعت نے یہاں وعدوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت سے اگر بات ہو گی تو پہلے کشمیر پر ہو گی، عمران خان نے سلامتی کونسل میں بھرپور انداز میں کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل ضروری ہے، دونوں ایٹمی ممالک ہیں اور تصادم کی صورت میں تباہی خطہ میں نہیں پوری دنیا میں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہماری حکومت اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرا رہی ہے اور میرا وعدہ ہے کہ کشمیر میں بھی ہماری حکومت بنی تو ہم یہاں اسی طرح ترقیاتی کام کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نظریہ کی سیاست شروع ہو گئی ہے اور یہاں کے عوام نے برادری ازم کو ختم کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم جو وعدے کریں گے، پورے کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے پورے علاقہ کا دورہ کیا، یہاں سیاحت کی ترقی کے بڑے مواقع ہیں، سیاحتی مقامات کی تعمیر کی جائے گی تاکہ سیاحت کو فروغ اور مقامی لوگوں کو روزگار ملے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ پروگرام جاری کر دیا گیا ہے، فارورڈ کہوٹہ میں صحت کے بنیادی مراکز کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ یہاں کے لوگوں کو علاج معالجہ کیلئے بڑے شہروں میں نہ جانا پڑے اور انہیں تمام سہولیات اپنے گھر کے قریب میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تھری جی اور فور جی کیلئے فنڈ جاری کر دیئے گئے ہیں اور جلد یہاں پر بھی آپ تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس علاقہ میں اعلیٰ تعلیم کیلئے یونیورسٹی قائم کی جائے گی، ہماری بچیاں یہیں پر اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے اعلانات بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام وعدے وہ خود پورے کریں گے اور آپ کے نمائندہ کو جو ترقیاتی فنڈز دیئے جائیں گے وہ اس کے علاوہ ہوں گے۔