اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہےکہ پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد بھارت کو فوجی، سیاسی اور سفارتی محاذوں پر مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی برادری کے سامنے کوئی مصدقہ ثبوت پیش کیے بغیر ہی محاذ آرائی کی۔
انہوں نے کہا کہ کہ بین الاقوامی فورمز کے ذریعے تحقیقات کرنے کے بجائے بھارت نے عجلت میں چند منٹوں میں پاکستان پر الزام عائد کیا اور پاکستان پرحملے شروع کردیئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوششوں کے باوجود وہ بامعنی بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لچک اور ذمہ دارانہ سفارت کاری نے بھارت کے بیانیے کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا پروپیگنڈہ ٹوٹ گیا اور اب وہ الگ تھلگ اور دفاعی طور پر کھڑا ہے،دنیا نے تنازعہ کشمیر کی اصل وجہ پر سوال اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598297