راولپنڈی ۔10مئی (اے پی پی):فضائی اور زمینی جنگ میں بری طرح مار کھانے کے بعد بھارت اب نیوی سے جارحیت کی جھوٹی خبریں میڈیا پر چلوانے لگا۔
افواج پاکستان سے پچھلے 72 گھنٹے سے فضا اور زمین پر مار کھانے کے بعد بھارت غیر ملکی میڈیا میں جھوٹ بیچنے لگا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مسلح بھارتی ائیر کرافٹ کیریئر کی کراچی کی طرف پیش قدمی کی گمراہ کن خبر ٹیلیگراف میں چلوائی گئی۔
بھارتی ائیر کرافٹ کیرئیر انٹرنیشنل واٹر میں اسی جگہ یا اس سے بھی تھوڑاسا پیچھے ہے جہاں یہ 6/7 مئی کی رات کو بھارتی حملے کے وقت موجود تھا۔بھارتی ائیر کرافٹ کیریئر اب بھی اپنی اسی جگہ پر موجود ہے اور اس نے کوئی آگے کی طرف پیش قدمی نہیں کی ہے۔ٹیلیگراف آرٹیکل میں جان بوجھ کر سنسنی مچانے کے لئے یہ کہا گیا کہ کراچی ائیر پورٹ مسلح ائیر کرافٹ کیریئر کی رینج میں ہے۔
یہ دعویٰ اس لئے مضحکہ خیز ہے کیونکہ آج کل کے جدید ہتھیاروں کی لمبی رینج سے کسی بھی جگہ سے دشمن ملک کے اندرکسی بھی ٹارگٹ کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان دشمن کی ہر چال اور مکاری سے پوری طرح چوکس ہیں، افواج پاکستان دشمن کے علاقے میں تمام ٹارگٹ موثر طریقے سے اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور مناسب ہتھیار سے تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب افواج پاکستان دے رہی ہیں اور دیتی رہیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595102