بھارت فورسز مقبوضہ کشمیر میں ایک منظم پلان کے تحت کشمیریوں کو معذور بنا رہا ہے، مشتاق احمد بٹ

101

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے کہا ہے کہ جہاں آج دنیا معذور افراد کا دن منا رہی ہےوہیں بھارت جیسا سامراجی ملک مقبوضہ کشمیر میں ایک منظم پلان کے تحت تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے کشمیری لوگوں کو معذور بنا رہا ہے۔

منگل کو معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنےبیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت جیسا سامراجی ملک مقبوضہ کشمیر میں ایک منظم پلان کے تحت تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے کشمیری لوگوں کو معذور بنا رہا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے معذور افراد کے ساتھ اورخصوصاًبھارتی تشدد سے متاثرہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے آزادی مانگنے والے کشمیریوں پر ظلم و جبر اور غیر انسانی بہیمانہ تشدد جیسے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باعث نہ صرف یہ کہ ان کو معذور بنا دیا بلکہ ان کو تا حیات دوسروں کا محتاج بھی بنا دیا۔

مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ بھارتی فورسز چھاپوں کے دوران جن افراد اور خاص کر نوجوانوں کو گرفتار کرتی ہے ۔ان کو تفتیشی مراکز لیجاکر شدید مارپیٹ ، ٹانگوں پر رولر پھیرنا،بجلی کے جھٹکے دینا،جسم کو جلانا،سگریٹ بیٹ لگانا،ناخن کھینچنا،جسم پر کٹ لگانا،برہنہ کرنا اور الٹا لٹکانا شامل ہےجیسے گھناؤنے تشدد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی رجیم نے بھارتی فورسز کی جانب سے جاری اس ظلم و قہر کو آگے بڑھاتے ہوئے کشمیری بچوں کو آزادی مانگنے کی پاداش میں پیلٹ گن سےبینائی جیسی عظیم نعمت سے تا حیات محروم کرکے معذور بنادیا جبکہ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں ،بین الاقوامی اداروں بشمول ہیومن رائٹس واچ نے کشمیریوں پر نہ تھمنے والا بھارتی ظلم و بربریت پر چشم کشا اور حقیقت پر مبنی حقائق دنیا کے سامنے لائے لیکن اس سب کے باوجود بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بھارتی ریاستی دہشتگردی اپنی انتہا کو چھو رہی ہے ۔

انہوں نے اس دن کی مناسبت سے انسانی حقوق کی تنظیموں ،اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کو رکوانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور کشمیر میں بھارتی تشدد سے متاثرہ افراد کی داد رسی کے ساتھ ساتھ معصوم و نہتے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت دلانے میں اپنی منصبی ذمہ داری نبھائے۔